ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں کورونا کی نئی ساخت والے وائرس کو لے کر میڈیکل افسر کی موجودگی میں عوامی بیداری میٹنگ کا انعقاد

بھٹکل میں کورونا کی نئی ساخت والے وائرس کو لے کر میڈیکل افسر کی موجودگی میں عوامی بیداری میٹنگ کا انعقاد

Thu, 24 Dec 2020 19:38:01    S.O. News Service

بھٹکل:24؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)عالمی سطح پر یوروپی ممالک میں کورونا کی دوسری لہر یا نئی ساخت نظر آرہی ہے، بیرونی ممالک سے ہمارے لوگ ہمارے ضلع یا تعلقہ پہنچتےہیں تو ان کے ساتھ مقامی لوگوں کی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے، اور حکومت نے یہ ذمہ داری متعلقہ اضلاع اور تعلقہ جات کے افسران کو دی ہے ، اسی فکر کو لے کر اترکنڑا ضلع کی پہلی عوامی بیداری میٹنگ بھٹکل میں منعقد کی گئی۔ جس میں کاروار سے  اترکنڑا کے  میڈیکل افسر ڈاکٹر شرد نائک نے اخبارنویسوں سے بات چیت کی۔

انہوں نے سماجی ذمہ داران ، لیڈران اور عوام سے مکمل تعاون کی اپیل کرتےہوئے کہاکہ بیرونی ممالک سے جو بھی بھٹکل تعلقہ پہنچے ان کی کورونا جانچ کی جائے گی ۔ اگر ان کی کووڈ ٹسٹ رپورٹ 72گھنٹے کے اندر کی ہے تو ان کی   دوبارہ جانچ نہیں کی جائے گی البتہ  رہنما خطوط کے مطابق وہ خود اپنے گھر  میں ہوم کوارنٹائن میں رہیں گے۔جوبھی بیرونی ممالک سے بھٹکل تعلقہ پہنچتےہیں ان کے تعلق سے عوام صحت عامہ محکمہ کو جانکاری دیں۔ ویسے پہلے مرحلے میں ان کی مکمل رپورٹ ہمیں ائیر پورٹ سے ہی حاصل ہوگی ہم اسی کے تحت کارروائی کریں گے۔

تعلقہ میڈیکل افسر ڈاکٹر سویتا کامت نے بات کرتےہوئے کہا کہ ہم اس وقت کورونا سے لڑرہے ہیں، ہر دن ہمیں 200سے 250تک کے تھوک سیمپل ٹسٹ کرنا  ہے، اسی لئے جمعہ سے ہی ہم تعلقہ کے شہری  سطح پر ہر وارڈس کے گھر گھر پہنچ کر تھوک سیمپل حاصل کرتے ہوئے  جانچ کی شروعات کررہے ہیں۔

تنظیم ذمہ داران کا اعتراض؛  عوامی بیدای میٹنگ میں موجود قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے نے اعتراض کرتےہوئے پوچھا  کہ اب جب کہ  شہر میں کہیں بھی کورونا کا کوئی اثر ہے ہی نہیں، دوبارہ گھر گھر جانچ کرنےکی کیاضرورت ہے؟ جو لوگ  بیرونی ممالک سے بھٹکل آرہے ہیں ان کا  ائیر پورٹ پر ہی سیمپل لے کر  جانچ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ  شہر پرسکون ہے دوبارہ یہاں گھر گھر پہنچ کر دہشت پھیلانےکی کوشش نہ کریں اور گھر گھر جانچ نہ کریں۔

بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سابق صدر امتیاز ادیاور نےبھی تعلقہ میڈیکل افسران سے  وضاحت چاہی کہ ستمبر کے مہینےمیں لئے گئے سیمپل کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے، اس کے علاوہ کتنے ہی لوگوں کے سیمپل لئے گئے تھے، جن کی  رپورٹ آنی  باقی ہیں، انہوں نے کہا کہ  ائیرپورٹ میں بھی یہاں سے جاری کی گئی رپورٹس کو قبول نہیں کئے جانے سے عوام کو کافی نقصان ہورہاہے، انہوں نے سوال کیا کہ جب سرکاری سطح پر ہی نظام ٹھیک نہیں ہے تو پھر گھر گھر جاکر  جانچ کرنےکا کیا فائدہ ہے؟ ۔ 

جے ڈی ایس قائد عنایت اللہ شاہ بندری نے بات کرتے ہوئے کہاکہ فی الحال بھٹکل سرکاری اسپتال کووڈ سے نجات حاصل کرچکاہے، دیگر مریضوں کا علاج بھی شروع ہوچکاہے، دوبارہ اس کو کووڈ اسپتال نہ بنایا جائے۔ان کی بات پرضلع کے میڈیکل افسر ڈاکٹر شرد نایک نے  کہاکہ اسی لئے ہم سب سے پہلے بھٹکل میں عوامی بیداری میٹنگ کا انعقاد کررہے ہیں، اگر عوام کا تعاون نہیں ملا تو وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوگااور پرانی حالت پر لوٹ جانے کا خطرہ ہے۔

 اس موقع پر میونسپالٹی چیف آفیسر دیوراج، تعلقہ صحت عامہ افسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ،فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی،جنرل سکریٹری عمیر رکن الدین، بلدیہ کے سابق صدر صادق مٹا، سماجی کارکن نثار رکن الدین ، فیاض ملا ، نامدھاری سماج کے صدر کرشنانائک آسارکیری ، ایم آر نائک، نریندر کامت سمیت کئی ذمہ داران موجود تھے۔

 


Share: